صدر مملکت اور وزیراعظم کا قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بابائے قوم کی 76 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ان کی انتھک جدوجہد اور حق خودارادیت کیلئے غیر متزلزل عزم پر فخر ہے جس نے لاکھوں مسلمانوں کی قسمت سنواری، ہم برصغیر کے مسلمان ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لئے ان کی کوششوں کے انتہائی مقروض ہیں جہاں وہ با عزت طور پر اپنے سیاسی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اپنی انتھک جدوجہد کی بدولت کروڑوں مسلمانوں کی تقدیر بدل دی، پاکستان کیلئے قائداعظم کا وژن بنیادی طور پر جمہوری تھا، قائد اعظم ایک ایسی ریاست کے خواہاں تھے جہاں تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہوں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی کیلئے ’’اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط‘‘ کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، قائد اعظم کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کر کے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم تاریخ میں ایک ممتاز رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے تحریک آزادی کی ولولہ انگیز قیادت کی جس کی بدولت دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے کہا جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم نے ایک قوم کی بنیاد رکھی جہاں ہر شہری متنوع ثقافتوں کے باوجود ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ان کی میراث کا احترام کرتے ہیں اورایک عظیم قوم کیلئے پرعزم جذبے کے ساتھ دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قائد کے پاکستان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔