اگر عمران خان کا ملٹری ٹرائل کرنا ہے تو ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا، حامد رضا

ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ غلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جواب دے گی۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ عام سے خطاب

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ ہم عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے، اگر بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل کرنا ہے تو ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے بنارسی ٹھگ ووٹ چور خواجہ آصف نے کہا جلسہ پریس کلب میں ہوگا، آ کر دیکھ لو 25 کلومیٹر تک لائن لگی ہوئی ہے اور عوام نے آج ثابت کردیا ہے کہ ہم ہی اسٹیبلشمنٹ اور ہم ہی ریاست ہیں، آج ثابت ہو گیا ریاست بھی عوام ہے، طاقت بھی عوام ہے اور اسٹبلشمنٹ بھی عوام ہے، اب وہی ہو گا جو عوام چاہے گی۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر کارکن شیر ہے اور عمران خان ملک کی شان ہے، ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ غلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم جواب دے گی، لاکھوں لوگوں کا یہ سمندر چیف جسٹس پر عدم اعتماد کرتا ہے، کچھ لوگ عمران خان کا ملٹری ٹرائل کرنا چاہتے ہیں میں کہتا ہوں تم اپنا یہ شوق بھی پورا کر لو لیکن یہ شوق ہماری لاشوں سے گزر کر پورا کرنا پڑے گا ہم کسی صورت ملٹری ٹرائل نہیں ہونے دیں گے، تم کہتے تھے کوئی عمران خان کا نام نہیں لے سکتا لیکن آج ہر طرف عمران خان زندہ باد سنائی دے رہا ہے، خدانخواستہ عمران خان کو کچھ نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو نواز شریف سن لو ہم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے۔
قبل ازیں اپنے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جابر نے عمران خان کو پابند سلاسل کیا لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کو روک سکے، عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے، یہ جدوجہد آزادی کیلئے ہے جو جاری رہے گی اور عمران خان کبھی جھکے گا نہیں بلکہ آخری دم تک وقت کے یزید کا مقابلہ کرے گا، پاکستان کی آزادی کی ضمانت عوام ہے، عوام جبر کی دیوار کو گرائیں گے اور بانی پی ٹی آئی بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے، اس کے لیے وقت کے یزید کا مقابلہ آخری دم تک کریں گے۔