بانی پی ٹی آئی ایک چٹان کی طرح کھڑا ہے، کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کے سحر کو روک سکے، یہ جدوجہد آزادی کیلئے ہے جاری رہے گی۔ سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا جلسہ عام سے خطاب
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ جابر نے عمران خان کو پابند سلاسل کیا لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کو روک سکے، عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد آزادی کیلئے ہے جو جاری رہے گی اور عمران خان کبھی جھکے گا نہیں بلکہ آخری دم تک وقت کے یزید کا مقابلہ کرے گا، پاکستان کی آزادی کی ضمانت عوام ہے، عوام جبر کی دیوار کو گرائیں گے اور بانی پی ٹی آئی بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے، اس کے لیے وقت کے یزید کا مقابلہ آخری دم تک کریں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین قریشی نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، عوام نے ثابت کر دیا کہ مقبول ترین جماعت تحریک انصاف ہے، شاہ محمود قریشی کا پیغام ہے کہ عوام متحد رہیں، ہمیں اپنے قائدین کو رہا کروانا ہے، عوام نے حکمرانوں کے عزائم کو چکنا چور کر دیا، وہ دن دور نہین جب بانی پی ٹی آئی دوبارہ وزیراعظم ہوں گے۔
اسی طرح پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک ہفتے میں پنجاب جائیں گے، علی امین گنڈا پور اس کی تاریخ کا اعلان کریں گے، فارم 45 کے لوگوں نے ہمیں طعنے دیے کہ پنجاب میں جلسہ کر کے دکھاؤ، ہم پنجاب میں داخل ہوں گے اور کے پی کے کم اذ کم 50 ہزار لوگ میرے ساتھ ہونے چاہییں۔ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہا کہ پنجابیو میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے، یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے، اگر عمران خان آئین پر یقین نہ رکھتے تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔
رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سب رکاوٹیں ہٹا کر لوگ جلسے میں پہنچے ہیں، کہتے تھے 8 ستمبر کو جلسے نہیں ہو گا، جو کہتے تھے پنجابی نہیں نکلتے آج دیکھ لو جلسے میں پنجابی موجود ہیں، عوام بانی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہیں، جو ہمارے راستے میں آئے گا عوام اس سے ٹکرائے گی، ہم بانی پی ٹی آئی کو رہا کروائیں گے۔