ہم اللہ کے سوا اس زمین پر کسی بدمعاش، کسی بندوق والے اور طاقتور کو نہیں مانتے۔ اسلام آباد جلسے میں تقریر
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ گولیوں، بموں، مارنے پیٹنے سے ملک نہیں بنتے، ہم اللہ کے سوا اس زمین پر کسی بدمعاش، کسی بندوق والے اور طاقتور کو نہیں مانتے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو لاکھوں افراد کی حمایت حاصل ہے، کبھی بھی پاکستان میں کسی تحریک کو اتنی بڑی حمایت نہیں ملی، موجودہ حکومت چوری اور ڈاکے کی حکومت ہے، اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو ہم پورے ملک میں تحریک چلائیں گے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بہت سے مقتدر سیاسی لوگ یہ کہتے ہیں کہ 45 اور 47 کا کوئی فرق نہیں یہ ظلم ہے، 45 والے حق کے لوگ ہیں اور 47 والے چور ہیں ڈاکو ہیں بے ایمان ہیں، آج تک جتنے بھی انقلاب آئے ہیں کسی میں بھی کسی کو اتنی انسانی ہمدردی نہیں ملی جتنی عمران خان کے پاس ہے لیکن انقلاب کیوں نہیں آیا، پی ٹی آئی تحریک چلانے کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی عوام خان کے ساتھ ہے، اتنی دنیا خان سے محبت کرتی ہے، ایک کال پر فسطائیت پابندی کے باوجود لاکھوں لوگ آجائے ہیں، عمران خان پھر بھی جیل میں ہے؟ تحریک انصاف سے گلہ ہے لاکھوں انسانوں کی حمایت اور عمران خان جیل میں ہے، یہ بہت بری بات ہے، حکومت کو 15 دن دے دیں کہ رہا نہ کیا تو ملک بھر میں تحریک شروع کریں گے، ملک کے ہر ضلع میں تحریک چلائیں، ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، ہمارا راستہ نہ فوج روک سکتی ہے اور نہ پولیس روک پائے گی۔