سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے وظائف اور دیگر مراعات بھی متعارف کرائی ہیں۔ شہباز شریف کا عالمی یوم خواندگی پر پیغام
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔ خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لیے، ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے، تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں، خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے بلکہ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لیے کوشاں ہیں، تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس مقصد کے لیے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے اور اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دینا شروع کیا ہے، اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے وظائف اور دیگر مراعات بھی متعارف کرائی ہیں۔
اسی طرح وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عالمی یوم خواندگی پراپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم خواندگی پر آج سب کو پڑھانے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں، دین اسلام علم حاصل کرنے پر زور دیتاہے اور قرآن مجید میں بھی علم حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے، خواندگی معیار زندگی کو بہتر اور ترقی کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے، سو فیصد خواندگی حاصل کیے بغیر ہم روشن مستقبل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم تک رسائی آسان بنانے کیلئے حکومت پنجاب تاریخی اور اختراعی اقدامات کررہی ہے، چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت تین اضلاع کے چار لاکھ طلبہ کو دودھ کے پیکٹ دئے جارہے ہیں، طلبہ کو تعلیم وتحقیق میں معاونت کے لئے لیپ ٹاپ دے رہے ہیں، پنجاب کے طلبہ کو ملکی اور غیر ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ دیں گے، طلبہ خاص طور پر طالبات کو آمدورفت میں آسانی کے لئے ہر تحصیل میں بسیں مہیا کریں گے، انرولمنٹ کیمپین کے تحت بچوں کے داخلے کئے جارہے ہیں۔