سپریم کورٹ میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس 11ستمبر کوسماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ سماعت کرے گا، سماعت کیلئے متعلقہ فریقین کو نوسز جاری کردیئے گئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔ میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس کی سماعت 11ستمبر کو ہوگی ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ درخواست پر سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس عرفان سعادت ، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہوں گے۔
سماعت کیلئے متعلقہ فریقین کو نوسز جاری کردیئے گئے، سماعت کیلئے اٹارنی جنرل آف پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، چیئرمین این ایچ اے، چیئرمین واپڈا، چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کو نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ مزید برآں ریکوڈک کیس میں سپریم کورٹ کی رائے کی وجوہات جاری کردی ہیں۔
سابقہ چیف عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دی تھی ۔

ریفرنس کی سماعت 29 نومبر 2022 کو مکمل ہوئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے 9 دسمبر 2022 کو ریفرنس پر اپنی مختصر رائے دی تھی۔ دوسری جانب دیامر بھاشا ڈیم کی 2028 میں تکمیل کیلئے 17اہم سائٹس پر تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت کردی گئی۔ پراجیکٹ ہرسال نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرے گا، پراجیکٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4500 میگاواٹ ہے، 272 میٹر بلند دیامر بھاشا ڈیم دنیا کا بلند ترین آرسی سی ڈیم ہے۔
چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈیم چلاس سے 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس وقت پراجیکٹ کی 17اہم سائٹس پرتعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے، پراجیکٹ کی تکمیل 2028 میں شیڈول ہے۔ دیامربھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہے، جس سے1.23ملین ایکڑ اراضی زیرِ کاشت آئے گی۔