لندن: ( نیوز ڈیسک ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ برطانیہ کےساتھ پاکستان کےبہترین تعلقات ہیں، برطانیہ کا دورہ بہت کارآمد اورمفید رہا ہے، برطانوی نائب وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں سےمفید ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ 17لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوپارلیمنٹ میں نمائندگی دیناہمارےایجنڈےمیں ہے، اوورسیزپاکستانیوں کوسہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کیےجارہےہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہےگا، اسلاموفوبیاکی روک تھام کیلئےبھی پاکستان نے ہر فورم پرآواز اٹھائی، پاکستان نے فلسطینیوں کیلئے مصر اور اردن کےذریعے امدادی سامان بجھوایا، پاکستان نےفلسطینی طلبہ کومیڈیکل کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے اپنے ملک میں داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پی آئی اے سے متعلق ایک وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے صورتحال خراب ہوئی، پروازوں کی بحالی کے معاملے پر یورپی یونین سےبھی گفتگوجاری ہے، پروازوں کی بحالی کیلئےتمام تراقدامات کیےجارہےہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہوابازی کےشعبےمیں عالمی معیارات کی پاسداری کیلئے پرعزم ہیں، ہوابازی کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کاوشیں کی جارہی ہیں، پہلےمرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جارہی ہے، یکم اکتوبر کوپی آئی اے کی بولی آرہی ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان 182 ملکوں کی حمایت سے 2 سال کیلئے سلامتی کونسل کاغیرمستقل رکن منتخب ہوا ہے، 12سال پہلےہم ایک ووٹ سے جبکہ اس بار ہم 182ووٹوں سےکامیاب ہوئے، مشرق وسطی میں پائیدار امن دو ریاستی حل سے ہی ممکن ہے۔