ذلفی بخاری عدالت سے اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔ قومی احتساب بیورو کی احتساب عدالت میں دائر درخواست میں استدعا
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری کی جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان، بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور شہزاد اکبر کے علاوہ ذلفی بخاری بھی نامزد ہیں تاہم فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی طرح ذلفی بخاری بھی مقدمے میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث نیب راولپنڈی کی جانب سے ذلفی بخاری کی جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے احتساب عدالت میں دائر درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ذلفی بخاری عدالت سے اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں، جس کی بناء پر ذلفی بخاری کی اسلام آباد میں 34 کنال اور اٹک میں 1300 کنال اراضی ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کے ایک اور رہنماء مونس الہٰی کا شناختی کارڈ وپاسپورٹ بلاک کرنے اور جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے، لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا، اس حوالے سے سپیشل سینٹرل عدالت لاہور کے جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے چالان پر سماعت کی، عدالت کی جانب سے ملزمان کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا بھی حکم دے دیا گیا، اشتہاری ملزمان میں فرست علی چھٹہ، امتیاز علی شاہ، مونس الہٰی ،عامر سہیل، عامر فیاض شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی اور ضیغم عباس کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی حکم جاری کیا اور قصور میں مونس الہٰی کی 26 کنال سے زائد اراضی بھی ضبط کرنے کا حکم دیا، سپیشل سینٹرل کورٹ نے مونس الہٰی کے نام پر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ ایک پلاٹ اور ایک گھر بھی ضبط کرنے کا حکم دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔