نوازشریف نے وفاق اور پنجاب کو اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف دینے کا ٹاسک سونپ دیا

اپنے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود کی طرف مبذول رکھیں، اخراجات کم کرنے کی کوشش کریں تاکہ عوام پر کم بوجھ پڑے اور معیشت کو دلدل سے نکال کر دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرسکیں۔ مشاورتی اجلاس میں ہدایت

لاہور ( نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے وفاق اور پنجاب کو اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف دینے کا ٹاسک سونپ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی صدر نواز شریف کے زیرصدارت مسلم لیگ ن کے آج ہونے والے مشاورتی اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو بجلی بلوں میں دیئے جانے والے ریلیف اور توانائی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توانائی شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات بارے بریفنگ دی۔
اس موقع پر نواز شریف نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود کی طرف مبذول رکھیں اور جس قدر ہوسکے اپنے اخراجات کم کرنے کی کوشش کریں، تاکہ عوام پر کم بوجھ پڑے اور ہم معیشت کو دلدل سے نکال کر دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرسکیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں نواز شریف نے وفاق اور پنجاب کو حکومتی اخراجات کی باریکی سے پڑتال کی ہدایت کی اور کہا کہ جہاں کہیں بھی بچت کی گنجائش نکلے اسے عوام کی ریلیف کے لیے استعمال کریں، جس جذبے سے ن لیگ کی حکومت نے 2013ء میں توانائی کے بحران کو حل کیا تھا، اب بھی اسی طرح اس بحران کو حل کرکے عوام کو مصیبت سے نجات دلائیں۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب کے وزیر بلدیات نے بلدیاتی انتخابات اور قانون کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر پارٹی صدر نواز شریف نے صوبائی حکومت کو مؤثر بلدیاتی نظام قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں، نواز شریف نے ہدایت دی کہ اس ضمن میں اصلاحات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ بلدیاتی نظام مؤثر ہوسکے اور عوام کو فائدہ دے سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی کو سرگرم اور منظم کرنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا، بحیثیت سیکریٹری جنرل میں نے بریفنگ دی، عنقریب ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوگا جس میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی امور کو فعال کرنے کے لیے ایک لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، آج کے اجلاس کا بنیادی مقصد پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنا، وفاق اور پنجاب کی کارکردگی رپورٹ صدر ن لیگ کو پیش کرنا تھا۔