2 ماہ کے چکر میں عوام کو 12مہینوں کی تکلیف ملے تو ایسے منصوبے نہیں چاہئیں

پیپلزپارٹی بجلی کو سستا کرنے کی ن لیگ کی سوچ کو ویلکم کرتی ہے، لیکن جو منصوبہ اعلان کیا گیا ہے وہ میری سمجھ سے باہر ہے،آئندہ وفاقی حکومت ملی تو ملک بھرمیں صارفین کو سولر پر لائیں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا خطاب

کراچی ( نیوز ڈیسک ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2 ماہ کے چکر میں عوام کو 12مہینوں کی تکلیف ملے تو ایسے منصوبے نہیں چاہئیں، پیپلزپارٹی بجلی کو سستا کرنے کی ن لیگ کی سوچ کو ویلکم کرتی ہے، لیکن جو منصوبہ اعلان کیا گیا ہے وہ میری سمجھ سے باہر ہے،آئندہ وفاقی حکومت ملی تو ملک بھرمیں صارفین کو سولر پر لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو نے مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا منصوبہ ہے کہ غریبوں اور مستحق افراد کو سولر سسٹم فراہم کریں، مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے پر فیصلہ کیا کہ سولر کے ذریعے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ الیکشن میں ہمارا منشور تھا کہ اگر مرکز میں حکومت ملی تو ملک بھر میں عوام کو ریلیف دینے کے منصوبے لائیں گے۔
اس وقت بڑی تنقید کی گئی۔ ہماری کوشش تھی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلے غریب خاندان ترجیح ہوں گے، ہم نے منصوبہ شروع کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ غریب ترین طبقات کو سہولت پہنچائیں، تنخواہ دار طبقات کو بھی سہولت فراہم کریں گے، آئندہ فیز میں تنخواہ دار اور متوسط طبقات کو بھی سولر کی سہولت فراہم کریں گے۔ہم نے تھرکول میں سستی بجلی کامنصوبہ لگایا۔
اس وقت 200 یونٹ سے کم بجلی والوں کو سبسڈی دے رہے ہیں، ان کو چودہ روپے فی یونٹ پڑتا ہے۔ ویسے قیمت 44روپے فی یونٹ ہے۔ وفاق میں بجلی کا نظام تباہ ہے، کوئی بھی ادارہ کام نہیں کرسکتا۔لیکن اب 300 یونٹ تک صارفین کو اسی سبسڈی کی رقم سے سولر پر لایا جائے گا تاکہ مفت بجلی ملے۔ پیپلزپارٹی کوآئندہ وفاقی حکومت ملی تو پورے ملک میں 300 یونٹ صارفین کو سولر پر لائیں گے۔
پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی بجلی کو سستا کرنے کی سوچ کو ویلکم کرتی ہے۔ لیکن جو منصوبہ اعلان کیا گیا ہے وہ میری سمجھ سے باہر ہے، اگر عوام کو 2 ماہ کے چکر میں 12مہینوں کی تکلیف ملتی ہے تو پھر ہم اپنا سولر کا پلان لگائیں گے، ہم مسلسل حل چاہتے ہیں، ہمارا گرین انرجی کا پلان زیادہ مئوثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان حکومت کیخلاف جب لانگ مارچ کیلئے نکلے تھے، تو اس کی کانپیں ٹانگے اور ٹانگے کانپیں شروع ہوگئی تھیں۔ اس وقت عمران خان نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے کمی لائیں گے، جس سے عام آدمی بڑا خوش ہوا۔ لیکن اس سے معیشت کو شدید نقصان پہنچا، آج جو مہنگائی ہے وہ اس ایک غلط فیصلے کی وجہ سے ہے۔آج کوئی لانگ مارچ نہیں ہے، نہ کوئی عدم اعتماد ہے۔