ہمیں پاکستان کا سوچنا ہوگا، 30 ستمبر تک اونٹ کسی بھی کروٹ بیٹھ جائے گا۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا بیان
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 30 ستمبر تک ملکی سیاست کا اونٹ کسی بھی کروٹ بیٹھ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کل تاجروں نے تاریخی ہڑتال کرکے حکومت پر عدم اعتماد کر دیا کوئی ملک اور ادارہ موجودہ حکمرانوں کو پانچ ڈالر دینے کو تیار نہیں، آئی ایم ایف کے 4 ستمبر کے اجلاس میں ایجنڈا میں پاکستان کو شامل نہیں کیا گیا، آج ریاست، معیشت اور سیاست شدید بحران کا شکار ہیں، موجودہ کرائے کی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل ناکام ہوگئی، ذمہ داران سے اپیل کرتا ہوں وہ فوری حل تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ میری دوستی ایک ہی آدمی سے تھی ہے اور رہے گی، عوام کے ساتھ جو بیت رہی ہے وہ اس سے قبل کبھی نہیں ہوا، غریب کے لیے کچھ کیا جائے، تعلیمی ادارے تباہ ہورہے ہیں، عوام پر جو بھاری ٹیکس لگائے وہ ادا نہیں کرسکتے کیوں کہ قوت خرید ختم ہوچکی ہے، اسی طرح بلوچستان کے حالات بھی شدید پریشان کن اور حساس ہیں، ہمیں پاکستان کا سوچنا ہوگا پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہی جینا مرنا ہے۔
سابق وزیر داخلہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دے گا لیکن شہباز شریف لیٹ چکا ہے، اس کے باوجود ٹیکنوکریٹ حکومت کیلئے انٹرویو شروع ہو چکے ہیں، 31 اگست سے میں بھی سیاست میں دوبارہ مکمل فعال ہو رہا ہوں، میرا 40 کلو وزن کم ہوا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ گیٹ نمبر 4 والے مجھے اٹھا کر لے جائیں گے لیکن ہم نے بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھینا تھا اور بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگادی تھی اور الیکشن سے پہلے عمران کو سزائیں بھی سنائیں گئیں لیکن اس کے باوجود عوام نے پھر بھی الیکشن میں ووٹ پی ٹی آئی کو دیا تھا، ان کے ہر فیصلے کا فائدہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہوتا ہے لیکن مجموعی سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے، سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ، جب کسی کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں تو پھر کیا ہوسکتا ہے۔