حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آئی ایم ایف بھی قرض دینے سے انکار کر رہے ہیں،ملک میں جعلی فارم 47کی حکومت قائم ہے جس کی پوری دنیا میں کوئی عزت نہیں ہے،رہنماءپی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
بھلوال( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریلیف کا چکمہ دیکر بجلی کی قیمتوں میں مزید 25ارب روپے بڑھا دئیے ہیں،حکومت نے معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے،آئی ایم ایف نے بھی حکومت کو ماننے سے انکار کر دیا ہے ،بھلوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آئی ایم ایف بھی قرض دینے سے انکار کر رہے ہیں۔
ملک میں جعلی فارم 47کی حکومت قائم ہے جس کی پوری دنیا میں کوئی عزت نہیں ہے ۔آئے روز حکومت قومی اداروں کو فروخت کرنے کے اعلانات کرتی رہتی ہے۔اب ان کے پاس بیچنے کو کچھ بھی نہیں بچا ہے ۔ حکومت پی ٹی آئی کیخلاف اپنی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہمیں اپنے لیڈر اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی ۔
ملاقات نہ کرانے کیلئے روز نئے نئے بہانے بنائے جاتے ہیں ۔ پہلے بانی ٹی آئی سے ملنے کیلئے 6افراد کو اجازت دی جاتی تھی لیکن اب صرف تین لوگوں کو ملنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اتنا ظلم کرے جتنا کل وہ برداشت بھی کر سکے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے معاملے پر اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
عمران خان کی جانب بیرسٹر ظفر کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے تحائف ڈیکلیئر نہ کرنے کے غلط الزام پر بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو میانوالی سےڈی سیٹ کیا۔درخواست میںیہ بھی کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بانی پی ٹی آئی کو انتخابات لڑنے سے روک دیا گیاتھا۔
لاہورہائیکورٹ کا لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا مگر اسلام آبادہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کیا۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی تھی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔