عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی 10 رکنی جلسہ کمیٹی تشکیل

کمیٹی جلسوں سے متعلق شیڈول، میڈیا پیغامات، ٹاک شوز، آگاہی مہم اور جلسے میں آنے والی رکاوٹوں سے آگاہ کرے گی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی 10 رکنی جلسہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کمیٹی میں ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، نعیم حیدر پنجوتھہ، بیرسٹر سیف اور شاہد خٹک شامل ہیں، اس کے علاوہ زین قریشی، مہر بانو قریشی، شوکت بسرا، حلیم عادل شیخ، شیخ وقاص اکرم اور کنول شوزب کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے، 10 رکنی جلسہ کمیٹی پی ٹی آئی کے ملک بھر میں جلسوں سے متعلق شیڈول، میڈیا پیغامات، ٹاک شوز، آگاہی مہم اور جلسے میں آنے والی رکاوٹوں سے متعلق آگاہ کرے گی۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے تشکیل شدہ کمیٹی کے سربراہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے، عارف علوی ایک ہفتے میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے تجاویز دیں گے، اس سلسلے میں عارف علوی اختلافات رکھنے والے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات سنیں گے، جس کے بعد عارف علوی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی تجاویز دے گی۔
ادھر اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نے پاکستان تحریک انصاف 8 ستمبر کو جلسے کی اجازت کی یقین دہانی کروادی، پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کا این او سی معطل کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کیس کی سماعت کر رہے ہیں، وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین نے کہا کہ ’ہمارا جو خدشہ تھا ہمارے ساتھ وہی ہوا ہے، ہمیں جلسے کی اجازت دی گئی اور پھر آخری دن این او سی معطل کر دیا گیا، انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 22 اگست کو جلسے کی اجازت کا بیان حلفی عدالت میں دیا تھا‘، اس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے کہا کہ ’پی ٹی آئی قیادت کا شکریہ کہ انہوں نے 22 اگست کا جلسہ ملتوی کر دیا، 8 ستمبر کو انشاء اللہ پی ٹی آئی کا جلسہ ہوگا‘۔