مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی سے سینیٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ

تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی نے مطالبے پر غور اور عمران خان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف سے سینیٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ کردیا۔ صحافی نعیم اشرف بٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کے لیے سینیٹ کی 2 نشستوں کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ خیبرپختونخوا سے 2 سینیٹرز کے لیے جے یو آئی ف کو تحریک انصاف کی حمایت درکار ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی جماعت سابق گورنر غلام علی کو سینیٹر بنوانا چاہتی ہے اور 2 سینیٹرز کے بدلے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے پاس ایک سینیٹر بنوانے کے لیے بھی ووٹ پورے نہیں ہیں اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی جمعیت علماء اسلام ف کے ایک سینیٹر کی حمایت کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کے مطالبے پر جے یو آئی ف کے 2 سینیٹرز منتخب کروانے کے معاملے پر غور اور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پارلیمنٹ میں تعاون کیلئے جے یو آئی اور تحریک انصاف کی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عوامی ایشوز اور قانون سازی سے متعلق دونوں جماعتیں ایک ساتھ چلیں گی، اس موقع پر سینیٹ اجلاس میں قانون سازی پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں شبلی فراز، اسد قیصر، بیرسٹر گوہر، کامران مرتضیٰ، غفور حیدری شریک ہوئے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان کہتے ہیں کہ تحریک انصاف سے بات چیت چل رہی ہے، بارہ سال ہماری مخالفت رہی ہے، دنوں کے اندر اتنی جلدی معاملات درست نہیں ہوسکتے، اس پارلیمان کو عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتا، میں نجومی نہیں ہوں اس لیے نہیں کہہ سکتا کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی یا نہیں۔