بلوچستان سے اُٹھتی لال آندھی اب سائیکلون بن رہی ہے

اب زیادہ وقت نہیں بچا، دشمن کے کھیل کو ازخود مزید تقویت نہ دی جائے، طاقت کے بیجا استعمال یا محض مذاکرات سے کچھ نہیں ہوگا، ریاست کی رٹ بحال کریں، مرکزی رہنماء پی ایم ایل این خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مرکزی رہنماء پی ایم ایل این خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلوچستان سے اُٹھتی لال آندھی اب سائیکلون بن رہی ہے، اب زیادہ وقت نہیں بچا، دشمن کے کھیل کو ازخود مزید تقویت نہ دی جائے، طاقت کے بیجا استعمال یا محض مذاکرات سے کچھ نہیں ہوگا، ریاست کی رٹ بحال کریں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ سعد رفیق نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان سے اُٹھتی لال آندھی سائیکلون بن رھی ھے! بے گناھوں کے لاشے اٹھاتے اٹھاتے لوگوں کے کندھے اور اعصاب جواب دے چکے ھیں۔
ان بے گناھوں مقتولین میں بلوچ نوجوان ، پنجابی مزدور، قانون نافذ کرنیوالے افراد سب شامل ھیں۔ بلوچستان کے تاریخی معاشی اور سیاسی مسائل کاادراک کیے بغیر دیرپا حل نکلے گا نہ آگے بڑھا جائیگا۔

پارلیمانی قیادت اس انتہائی حساس معاملے پرسیکیورٹی اداروں، غیر مسلح مظاھرین ، بلوچ دانشورں اور مستند بلوچ سیاستدانوں سے بات کر کے راستہ نکالے۔

طاقت کے بیجا استعمال یا محض مذاکرات سے کچھ حاصل نہیں ھو گا- شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی بنائی جائے۔ ریاست کی رٹ بحال کریں ، بے گناھوں کا خون بہانے والوں کو پوری قوت سے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ، اب زیادہ وقت نہیں بچا ، دشمن کے کھیل کو ازخود مزید تقویت نہ دی جائے۔ افسوس !بارھا یہ بات زیادہ موثر انداز کیساتھ متعلقہ فورم پر پہنچائی گىئ ھے مگر کوئی مربوط اور سنجیدہ پیشرفت نظر نہیں آئی۔
دریں اثناں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف مختلف مقامات پر 14 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، 21 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو شاباش پیش کرتا ہوں، دہشتگرد چھپ کر جتنے وار کرے، ہمارے جوانوں کے حوصلے ہمیشہ بلند ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے فوجی جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں، شہید ہونے والے جوانوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کردیا۔
ملک و قوم کی حفاظت کے لئے قربانی دینے والے جوان ہمارا فخر ہیں، میں اور میری جماعت ایک بار پھر دہشتگردوں کو شکست دینے کا عزم دہراتے ہیں، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔