ن لیگی امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد‘ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی برقرار

سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے دوبارہ گنتی کے معاملے کی سماعت کی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ن لیگی امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے معاملے کی سماعت کی، فرقیقین کے دلائل سننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کردی گئی، جس کے نتیجے میں حلقے سے تحریک انصاف کے منتخب امیدوار سعد اللہ بلوچ رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گے۔
ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 3 امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، الیکشن کمیشن نے این اے 154 لودھراں سے ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا، این اے 81 گوجرانوالہ سے اظہر قیوم ناہرہ کی کامیابی بھی بحال کردی گئی، اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سپریم کورٹ نے تینوں حلقوں میں دوبارہ گنتی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا، سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 میں مخلتف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا یا گیا، اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی اپیلیں منظور کرلیں، عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا، سپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس عقیل عباسی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان کے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔