عمران خان نے صوبائی وزیر شکیل خان کو ہٹانے کی تفصیلات مانگ لیں

گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے صوبائی وزیر خیبرپختونخوا شکیل خان کو عہدے سے ہٹانے کی تفصیلات مانگ لیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سابق وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان کو ہٹائے جانے سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور آج اڈیالا جیل میں عمران خان سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات میں پارٹی قائد کو شکیل خان کو ہٹانے سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ عمران خان نے اسی معاملے پر پارٹی رہنماﺅں اسد قیصر اور عاطف خان کو بھی طلب کیا ہے، اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران قائد پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر اور عاطف خان سے شکیل خان کو ہٹانے کی وجوہات سمیت صوبے کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی، عمران خان پی ٹی آئی رہنماﺅں سے اپنی ہونے والی ملاقات میں تمام رہنماؤں کے نام کچھ خاص ہدایات جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے اختلافات کے باعث خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، مستعفی صوبائی وزیر نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو بھجوایا، شکیل خان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے استعفیٰ دینے کی وجوہات ایوان میں بتاﺅں گا، میں اپنے آپ کو تمام فورمز پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔
صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں، صوبائی حکومت اپنے بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتہ کر رہی ہے، حکومت اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ گئی، خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور میرے محکمے میں مداخلت کر رہے تھے، صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔