ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے مارچ کو خود لیڈ کروں گا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی اجلاس میں گفتگو
پشاور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ 22 اگست کو اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر پی ٹی آئی کا جلسہ ہر صورت ہوگا، اگر انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی قسم کی رکاوٹیں پیدا کی گئیں تو سخت مزاحمت کریں گے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مرکز میں بیٹھے نااہل ٹولے کی مفاد پرست پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی تباہی آچکی، ملکی حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہوگا۔
قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے جا رہے ہیں، جلسے کی اجازت دینے کا حکم عدالت نے دیا ہے اگر کورٹ کے حکم کے خلاف جائیں گے تو پھر ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں، اس حوالے سے ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے مارچ کو خود لیڈ کروں گا۔
بتایا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور طے کیا کہ این او سی ملنے یا نہ ملنے دونوں صورتوں میں اسلام آباد میں جلسہ ہوگا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اسلام آباد میرا بھی دارالخلافہ ہے، اب بہت ہوگیا اب کسی کا باپ بھی ہمیں جلسہ کرنے سے نہیں روک سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں سے کہتا ہوں اب سائیڈ پر ہو جائیں کیوں کہ آپ کے این او سی کو انہوں نے کئی بار جوتے کی نوک پر رکھا، اب ہمیں کوئی این او سی نہیں چاہیئے، اب اگر ہمیں کسی نے روکا تو دما دم مست قلندر ہوگا، اس کے علاوہ میری اداروں اور عدالتوں سے بھی درخواست ہے کہ جس طریقے سے بار بار عدالتیں اور جج صاحبان کہہ رہے ہیں کہ ان پر پریشر ہے تو وہ بتائیں کس کا پریشر ہے، وہ پریشر نہ لیں قوم ان کے ساتھ ہے۔