190ملین پاﺅنڈ زریفرنس،عمران خان کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر

ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے، احتساب عدالت کا 12 اگست کا درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے،درخواست گزار کی استدعا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاﺅنڈز ریفرنس کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر کر دی، ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا،درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے،بانی پی ٹی آئی نے 190 پاونڈز ریفرنس بند کرنے کے نیب کے فیصلے کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
عمران خان نے استدعا کی کہ احتساب عدالت کا 12 اگست کا درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ میں پیش نہ کیا گیا تو بانی پی ٹی آئی کو اپنے دفاع میں بھاری نقصان ہوگا۔درخواست گزار کے مطابق تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ چند روز قبل احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر 190 پاونڈز ریفرنس کو شکایت کی سطح پر کلوز کرنے کے 2020 کے فیصلے سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کی تھی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔ نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے تھے۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چودھری پیش ہوئے تھے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کمپلینٹ کی سطح پر بند کرنے کے نیب کی بورڈ میٹنگ کے فیصلے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نیب نے 23 اپریل 2020 کو بورڈ میٹنگ میں 190 ملین پاونڈ کو کمپلینٹ ویریفکیشن کی سطح پر کلوز کردیا تھا، نیب کی بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔نیب حکام کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ریفرنس نئے شواہد کی بنیاد پر فائل کیا گیا ہے، 2020 کی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کا تفتیشی کے بیان پر جرح سے کوئی تعلق نہیںتھا۔بعدازاںعدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست مسترد کردی تھی۔