سابق آئی جی جیل خانہ جات کو ان کی سرکاری رہائش آئی جی ہاوس سے گرفتار کیا گیا،شاہد سلیم بیگ کو حساس اداروں سے قریبی رابطوں کی بنا پر حراست میں لیا گیا ہے، اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں،ذرائع
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سابق آئی جی جیل خانہ شاہد سلیم بیگ کو حساس اداروں نے گرفتارکر لیا،سابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ کو ان کی سرکاری رہائش آئی جی ہاوس سے گرفتار کیا گیا،شاہد سلیم بیگ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں سہولت کاری کرنے کے الزام میں گرفتار کیاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سابق آئی جی جیل شاہد سلیم بیگ کو حساس اداروں سے قریبی رابطوں کی بنا پر حراست میں لیا گیا ہے۔
شاہد سلیم بیگ پانچ سال آئی جی جیل خانہ جات رہے۔سابق آئی جی جیل شاہد سلیم کو بانی پی ٹی آئی کے جیل جانے سے پہلے ریٹائر ہوچکے تھے۔ اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ڈی آئی جیل راولپنڈی کے دفتر سے بھی ایک آفس سپرنٹنڈنٹ ناظم علی شاہ سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے اردلی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
اڈیالہ جیل کا ایک وار ڈر اور ہیڈ وار ڈر بھی زیر حراست ہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیاتھا۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے تحقیقات جاری ہیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام رسانی کا بھی الزام تھا۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو آگاہ کردیا گیاتھا۔ تحقیقات کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔دونوں افسران کو 21 جون کو ان کے عہدوں سے ہٹایا گیا تھا، ان کی عمران خان کے ساتھ خصوصی ڈیوٹی لگی تھی اور یہ افسران سابق وزیر اعظم کے سیل تک جانے کے مجاز تھے۔
واقعے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے سیل کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ بھی کیاگیاتھا۔سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیاتھا۔محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا۔