بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری چند دن میں قوم کو سناﺅں گا،وزیراعظم شہبازشریف

قوم سے خطاب کرکے 5 سالہ معاشی پلان پیش کرونگا،77سال کے دوران بحیثیت قوم ہمارا سفر قابل رشک نہ ہوسکا، ہمیں بحیثیت قوم اپنا احتساب ضرور کرنا چاہیے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کیا زندگی مانگ کر گزارنی ہے یا اس خواب کی طرح جس کیلئے پاکستان وجود میں آیا تھا، ارشد ندیم نے سونے کا تغمہ جیت کر پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا،وزیراعظم کا یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری چند دن میں قوم کو سناﺅںگا،چند دن میں قوم سے خطاب کرکے 5 سالہ معاشی پلان پیش کرونگا، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی ،77 سال کے دوران بحیثیت قوم ہمارا سفر قابل رشک نہ ہوسکا، آج کایوم آزادی سب کو مبارک ہو، آج ارشد ندیم نے سونے کا تغمہ جیتا کر پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم قوم کے ہیرو ہیں۔
اسلام آباد میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ اقتدار کی کشمکش، سازشیں اور اپنی غلطیوں کی وجہ سے77 سال کا سفر قابل رشک نہ تھا۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنا احتساب ضرور کرنا چاہیے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کیا زندگی مانگ کر گزارنی ہے یا اس خواب کی طرح جس کیلئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔
آج مہنگائی ہے، بجلی کے بلوں اور دیگر مسائل سے لوگ پریشان ہیں مگر ملک میں سب اچھا نہیں ہے تو سب برا بھی نہیں ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی۔ برآمدات نہیں بڑھ سکتی۔ اگلے چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی اور چند دن میں قوم سے خطاب کرکے 5 سالہ معاشی پلان پیش کرونگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دشمن ہر حربہ استعمال کررہاہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے ، ہماری جوہری قوت سے ہمارا دشمن خائف ہے اور دشمن نے ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے جھوٹ کی بمباری شروع کررکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا ۔آزادی کیلئے ہمارے بزرگوں نے عظیم قربانیاں دیں۔ پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ قائداعظم کی لیڈر شپ میں آباو اجداد نے قربانیاں دیں۔شہبازشریف نے کہا چین نے پاکستان کے دوسال بعد آزادی حاصل کی، ہم چین سے آگے تھے لیکن پیچھے رہ گئے، دشمن ڈیجیٹل دہشتگردی کا ہتھیار استعمال کررہا ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے، نوجوان خود کو فساد،انتشار اور فریب کے فتنوں سے محفوظ رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں قوم کیلئے خدمات پیش کرنے والوں کو اور قوم کا سرفخر بلند کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر انہیں بھی سلام پیش کرتا ہوں۔