جنوبی وزیرستان،سیکورٹی فورسز اور خوارج میں فائرنگ کا تبادلہ، 6 خوارج ہلاک، 4 جوان شہید

بہادری سے خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے حوالدار نثارحسین اور نائیک رشید گل نے جام شہادت نوش کیا جبکہ نائیک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان رفاقت بھی خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے، علاقے میں خوارج کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،آئی ایس پی آر

جنوبی وزیرستان( نیوز ڈیسک ) جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بہادری سے خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے حوالدار نثارحسین اور نائیک رشید گل نے جام شہادت نوش کیا جبکہ نائیک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان رفاقت بھی خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکوریٹی فورسز خوارج کا قلع قمع کرنے اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں خوارج کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔یاد رہے کہ چند روزقبل بھی خیبر پختونخواہ کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواتھا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سکیورٹی فورسز کے شہید ہونے والے جوانوں میں ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ حوالدار انعام گل شامل تھے۔
شہدا میں ضلع ٹانک کے 29 سالہ سپاہی محمد عمران اور ضلع مردان کے 22 سالہ سپاہی الطاف خان بھی شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔