صنم جاوید کی حفاظتی ضمانت منظور، پولیس کو گرفتاری سے روک دیا گیا

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، صنم جاوید اپنے وکیل احد کھوکھرکے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں ۔

دوران سماعت وکیل پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میانوالی میں مقدمہ ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے، متعلقہ عدالت پیش ہوناچاہتے ہیں لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت دی جائے۔

عدالت نے ایک ہفتہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کو ایک ہفتہ میں متعلقہ عدالت پیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ 10 اگست کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی 2023 سے متعلق تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید اور روبینہ جمیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

15 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف صنم جاوید کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی تھی ۔