علی امین گنڈا پور کا ایک لاکھ غریب گھرانوں کو مفت 2 کے وی سولر سسٹم دینے کا اعلان

پنجاب میں صرف پینلز دئیے جا رہے ہیں، ہم پورا سولر سسٹم نصب کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کی صوبے میں ‘تعلیم کارڈ’ کے اجراءکیلئے محکمہ تعلیم اور خزانہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات

پشاور( نیوز ڈیسک ) وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے ایک لاکھ غریب گھرانوں کو مفت 2 کے وی سولر سسٹم دینے کا اعلان کر دیا،سولر سسٹم میں پینلز، انورٹر، وائرنگ، پنکھے اور بلب دئیے جائیںگے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے صوبے میں ‘تعلیم کارڈ’ کے اجراءکیلئے محکمہ تعلیم اور خزانہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیم کارڈ کے اجراءکا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی، مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری تعلیم مسعود احمد و دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر علی امین گنڈا پورکا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی چوری اور لائن لاسز میں کمی ہو گی۔
احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ غریب گھرانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صرف پینلز دئیے جا رہے ہیں، ہم پورا سولر سسٹم نصب کر رہے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ منصوبے کیلئے 20 ارب روپے سے زیادہ مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ تعلیم کارڈ کا اجراءاپر چترال سے کیا جائے گا، پسماندہ ضلع سے تعلیم کارڈ کا اجراءکر رہے ہیں۔
اپر چترال سے منصوبے کو پائلٹ کریں گے۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بہترین نتائج کیلئے منصوبے کو پہلے پائلٹ کیا جائے گا، دیگر ضلعوںتک مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔ یہ ہماری حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہوگا۔ مستقبل کے نوجوانوں پر یہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی انوسمٹمنٹ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیاد ہ سے زیادہ ریلیف دیکر ان کی مشکلات کو کم کریں۔ صوبائی حکومت بیانات کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔