9مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آئے گی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا،حکمران جماعتوں سے مذاکرات کا مینڈیٹ محمود خان اچکزئی کو دیاگیا ہے لیکن ابھی کسی سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 18 مارچ کے واقعات پی ٹی آئی کو ٹریپ کرنے کی سازش تھے، 9مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آئے گی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا،حکمران جماعتوں سے مذاکرات کا مینڈیٹ محمود خان اچکزئی کو دیاگیا ہے، لیکن ابھی کسی سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے،برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی کو اختیار دیاگیا ہے کہ وہ کسی سے بھی مذاکرات کر سکتے ہیں۔
حکمراں جماعتوں سے مذاکرات کا مینڈیٹ محمود خان اچکزئی کو دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس کہتے تھے بنگلادیش ماڈل ہونا چاہیے اب دیکھ لیں بنگلادیش ماڈل میں کیا ہوا۔
تحقیقات میں پی ٹی آئی سے منسلک افراد ثابت ہونے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں پارٹی سے نکالنے کا کہا ہے۔ ہم اور ہماری پارٹی کے لوگ پر امن ہیں۔خیال رہے کہ د و روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 9مئی کے واقعے پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کیا تھا۔
9مئی کی فوٹیجز قوم کو دکھا کر ثابت کیا جائے کیاپی ٹی آئی اس میں ملوث ہے اورمکمل آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں اس کے بعد میںمعافی بھی مانگوں گا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے مزیدکہا تھاکہ 9مئی کے واقعے میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ثبوت دئیے جائیں اس کے بعد میں خود ان افراد کو سزائیں دلوانے میں نہ صرف ان کا پوراساتھ دونگا بلکہ ان افراد کو پارٹی سے بھی نکال دیا جائیگا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ معافی کا مطالبہ کرنے والے پہلے مجھ سے معافی مانگیں۔ فوج اگر بات نہیں کرنا چاہتی تو نہ کرے۔فوج کو مذاکرات کی پیشکش ملکی صورتحال کے پیش نظر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھاکہ ملک کی روز بروز بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مذاکرات کی بات کی تھی فوج اگر بات چیت یا مذاکرات نہیں کرنا چاہتی تو نہ کرے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے معافی کے مطالبے پربانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کیا عزت صرف ان کی ہے۔ 9 مئی کو میرے ساتھ زیادتی کی گئی تھی ۔مجھے غیر قانونی طور پر رینجرز نے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد میرے ورکرز پرملک بھر میں تشدد کیا گیا تھا۔