عدالتوں سے کہتا ہوں کہ اب سائیڈ پر ہو جائیں، کیونکہ آپ کے این او سی کو انہوں نے کئی بار جوتے کی نوک پر رکھا، اب نہیں چائیے ہمیں کوئی این او سی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان
صوابی ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان۔ پیر کی شب کو خیبرپختونخواہ کے ضلع صوابی میں منعقدہ تحریک اںصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میرا بھی دارلخلافہ ہے، اب بہت ہوگیا، اب کسی کا باپ بھی ہمیں جلسہ کرنے سے نہیں روک سکتا۔
میں عدالتوں سے بھی کہتا ہوں کہ اب سائیڈ پر ہو جائے، کیونکہ آپ کے این او سی کو انہوں نے کئی بار جوتے کی نوک پر رکھا، اب نہیں چائیے ہمیں کوئی این او سی۔ اب اگر ہمیں کسی نے روکا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے پیر کی صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جلسے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، صوابی جلسے میں اسلام آباد کے جلسے کا بھی اعلان کروں گا، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ ہمیں کون روکتا ہے یا کون ہمیں اسلام آباد میں جلسہ کرنے سے روک سکتا ہے، اس لیے بہتر ہے اپنا رویہ ٹھیک کرلیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ میری اداروں اور عدالتوں سے بھی درخواست ہے کہ جس طریقے سے بار بار عدالتیں اور جج صاحبان کہہ رہے ہیں کہ ان پر پریشر ہے تو وہ بتائیں کس کا پریشر ہے، وہ پریشر نہ لیں قوم ان کے ساتھ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر اور مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب صوابی پہنچ چکے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کی سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صوابی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز میں ملاقات میں موجود تھے، میٹنگ میں صوابی جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اس دوران سابق اسپیکر اسد قیصر نے پارٹی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو جلسے کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا صوابی جلسہ تاریخی ہوگا، ملک بھر سے پی ٹی آئی کارکنان جلسہ میں شرکت کریں گی کیوں کہ 5 اگست کو ہمارے لیڈر کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لیا گیا تھا، یہ حکومت نااہل اور مینڈیٹ چور ہے، یہ جو قانون سازی کر رہے ہیں یہ قانون سازی غیر قانونی ہے، اس حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا ہے، پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ اس ناجائز حکومت کے پاس عوام کا اعتماد نہیں، صوابی کے بعد اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، 14 اگست بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں ان تمام پارٹیوں کو اکٹھا کریں جو اس رجیم اور مہنگائی کیخلاف ہیں۔