مریم نواز کی ٹک ٹاک حکومت ایک بارش کی مار تھی

ساری دنیا شعیب کو ڈھونڈ رہی ہے شعیب شاید گٹر میں گر گیا ہے، لاہور میں نکاسی آب کی انتہائی ناقص صورتحال پر زرتاج گل کی مریم نواز حکومت پر شدید تنقید

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) زرتاج گل کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی حکومت صرف ایک بارش کی مار تھی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے لاہور میں شدید بارش کے بعد ناقص نکاسی آب کی صورتحال پر مریم نواز کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
زرتاج گل نے کہا کہ ساری دنیا شعیب کو ڈھونڈ رہی ہے شعیب شاید گٹر میں گر گیا ہے، مریم نواز کی ٹک ٹاک حکومت ایک بارش کی مار تھی۔ واضح رہے کہ لاہور میں جمعرات کے روز ہونے والی طوفانی بارش کے بعد کئی علاقے تاحال بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ بارش رک جانے کے کئی گھنٹوں کے بعد ہی کئی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی۔
جبکہ بارش کے باعث مختلف واقعات میں کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ بھی دھو بیٹھے۔

صوبائی دار الحکومت میں کرنٹ لگنے، چھتیں، دیواریں گرنے سے کمسن بچی سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ نشاط کالونی میں بارش کے پانی سے بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے نوجوان دم توڑ گیا، متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، نوجوان گھر کے لئے ناشتہ لے کر جا رہا تھا۔ کوٹ لکھپت کے علاقہ میں 14 سالہ بچہ بارش کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو کے مطابق افسوسناک واقعہ چونگی امر سدھو نیازی چوک پر پیش آیا، بچے کی شناخت عبداللہ ولد الطاف عمر 14 سال معلوم ہوئی۔
نشتر کالونی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 سالہ کرن دم توڑ گئی جبکہ ملبے تلے دب کر 5 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کاہنہ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 7 بکریاں ہلاک، کوٹ لکھپت میں بارش کے پانی میں کرنٹ آنے سے عاشق علی نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔ ڈیفنس کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 41 سالہ شخص غلام مصطفیٰ جاں بحق ہو گیا، شوکت خانم چوک کے قریب لکڑی سے بنی چھت گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔