وزیراعظم کی بجلی بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز توسیع کی ہدایت

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو احکامات جاری کر دیئے گئے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم کی بجلی بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز توسیع کی ہدایت ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بجلی کے بلوں کی مقررہ تاریخ میں توسیع کا حکم دیا ہے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو احکامات جاری کر دیئے گئے۔
اعلامیہ کے مطابق بجلی صارفین کے لیے جولائی اور اگست 2024 کے بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز کی توسیع ہوگی۔ دوسری جانب وفاقی وزیرپیٹرولیم مصدق ملک نے عوام کو آئندہ دنوں بجلی سستی ہونے کی نوید سُنا دی۔ جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تین چار کمیٹیاں بنا چکے ہیں، جلد بجلی سستی ہونے والی ہے، 2013ء کا الیکشن بجلی کا الیکشن تھا، جب یکدم بجلی کے کارخانے لگائے جاتے ہیں تو پھر قرضے بھی یکدم بڑھ جاتے ہیں، وہ قرضے بہت جلد ایک دم نیچے آجائیں گے جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمت بھی گرجائے گی۔
مصدق ملک کا کہنا ہے کہ غریبوں پر بجلی بلوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، فیصلہ ہوچکا ہے کہ ملک کے 86 فیصد گھرانوں کا بجلی کا اضافی بوجھ حکومت اٹھائے گی، اس بار جولائی بل پچھلے سال کی نسبت کم آئے گا، 50 ارب روپے محکمہ بجلی کو دے دیئے گئے ہیں، یہ فیصلہ جماعت اسلامی کے دھرنے سے پہلے ہوچکا ہے، امید ہے آئی پی پیز کے مسئلے پر جماعت اسلامی سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم نے مزید کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق تجاویز بنائی جارہی ہیں، بڑی مثبت تجاویز ہوں گی، ہیٹ ریٹ کروانے میں دو تین مہینے لگتے ہیں، اسی طرح سبسڈی کی جہاں بات ہے تو پتا چلنا چاہیئے کس کس کو کب سبسڈی مل، پاکستان میں گرمیوں میں بجلی کی طلب 30 ہزار میگاواٹ اور سردیوں میں صرف 10ہزار میگاواٹ ہوتی ہے، اس لیے آئی پی پیز میں کیپسٹی پیمنٹ لازمی ہوتی ہے، آئندہ کنٹریکٹ مختلف نوعیت کے کرنے چاہئیں۔