آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمت تین روپے سے چھ روپے یونٹ کے بلوں کا اجراءپر عمل درآمد شروع

وفاقی حکومت نے عوامی احتجاج کے بعد دوماہ قبل نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا‘صارفین کو بارہ ماہ کی اقساط میں بقایاجات کی ادائیگی کی سہولت

مظفرآباد( نیوز ڈیسک ) آزادکشمیر میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں بجلی کے نرخ میں کمی سے متعلق حکومتی فیصلے کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے تقریباً دو ماہ بعد اس پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے اور جولائی 2024 کے بجلی کے بل نئے نرخوں کے مطابق کم سے کم تین روپے فی یونٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ چھ روپے یونٹ گھریلو صارفین کو بجھوائے گئے ہیں.
نئے نرخوں کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے 100 یونٹ خرچ کرنے کی صورت میں صارف کو تین روپے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کرنا ہو گی، جب کہ کمرشل میٹر پر 200 یونٹ تک فی یونٹ قیمت 10 روپے ہو گی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بجلی کے صارفین کے جولائی 2024 کے بل انہیں ریٹس کے مطابق تیار کیے گئے ہیں. سال2024میں اگست میں آزاد کشمیر میں بجلی کے نرخ بڑھائے گئے تھے جس کے بعد ریاست کے 10 اضلاع میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر احتجاج شروع ہوا جو تقریباً ایک سال جاری رہا احتجاجی تحریک کے دوران کم از کم دس اضلاع میں لاتعداد مظاہرے، جلسہ و جلوس اور دھرنے دیئے گئے تھے اور کئی بار پولیس اور مظاہرین کی مڈ بھیڑ ہوئی، جن میں کم از کم چار افراد کے جان سے جانے کی اطلاعات تھیں.
اس احتجاج کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے 13 مئی 2024 کوآزاد کشمیر کے لیے بجلی اور آٹے پر سبسڈی کا 23 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا وزیراعظم پاکستان کے اسی اعلان کے تقریباً دو مہینے بعد چار جولائی 2024 کو ریاستی حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کی روشنی میں ماہ رواں کے نجلی کے بل نئے نرخوں کے مطابق بنائے گئے ہیں.
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں پہلے مختلف سلیبس اور پروٹیکٹڈ و نان پروٹیکٹڈ طریقوں کے تحت ٹیکسز سمیت بجلی کے نرخ گھریلو صارفین کے لیے تقریباً 21 سے 47 روپے فی یونٹ تھی، جو نئے نرخ کے مطابق کم ہو کر صرف تین روپے پر آ گئی ہے، جس میں کوئی اضافی ٹیکس شامل نہیں ہے اسی طرح کمرشل صارفین کے لیے بجلی ٹیکسز کے سمیت تقریباً 60 سے 72 روپے فی نویٹ کے حساب سے فراہم کی جاتی تھی جو اب کم ہو کر صرف 10 روپے ہے.
نئے نرخ کے مطابق ایک عام گھر کے 100 یونٹ گھریلو بجلی کے بل کی قیمت جو ماضی میں 4700 روپے بنتی تھی اب صرف 300 روپے تک کم ہو جائے گی بجلی کی نئی قیمتوں میں بھی مختلف سلیبس بنائے گئے ہیںجن میں گھریلو 100 یونٹ خرچ کی صورت میں نرخ تین روپے 200 یونٹ کا پانچ روپے اور 200 یونٹ سے زیادہ خرچ پر قیمت چھ روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے. اسی طرح کمرشل صارفین کو 200 یونٹ پر 10 روپے فی یونٹ اور اس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر 15 روپے فی یونٹ کی قیمت ادا کرنا ہو گی کشمیر میں اگست 2023 میں بجلی کی قیمتیں بڑھنے کے بعد اس وقت تک عوام کی جانب سے احتجاجا بجلی کے بل ادا نہیں کیے تھے ایسے صارفین کو بقایا جات ادا کرنے کے لیے 12 اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے.