ترسیلی نظام کی فنی خرابیاں دور ہونے سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت نے بجلی کے ترسیلی نظام کی خرابیاں دور کرنے کیلئے چین سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے ترسیلی نظام میں نقائص دور کرنے کے لیے چین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چائنا سٹیٹ گرڈ کے ساتھ مل کر ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے گا، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف چینی سفیر کے ساتھ ملاقات کریں گے، ملاقات میں بجلی کے ترسیلی نظام پر بات چیت ہوگی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹرانسمیشن سسٹم میں مستقل خرابیاں موجود ہیں، ترسیلی نظام میں خرابیوں کی وجہ سے سستے پاور پلانٹس کو بند رکھا جاتا ہے کیوں کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی فنی خرابیوں کے باعث سستی بجلی کی بلا تعطل ترسیل نہیں ہو پا رہی، جب کہ ترسیلی نظام کی فنی خرابیاں دور ہونے سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت چینی پاور پلانٹس سےکیپسٹی ادائیگیوں یامنافع میں کمی پر کوئی بات نہیں کرےگی کیوں کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین سے 8 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کے کمرشل قرضوں کی ری پروفائلنگ کی بات کی ہے، کامیابی پر فی یونٹ 3 سے 5 روپے ریلیف ملے گا، اگر کوئلے کی منتقل پر بات بن گئی تو فی یونٹ پیداواری لاگت 24 روپے سے کم ہو کر 8 روپے فی یونٹ ہو جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئی پی پی کے معاہدوں کو کسی صورت تبدیل نہیں کریں گے کیوں کہ یہ سی پیک معاہدوں کی طرح اہم ہیں، سولر لگانے والے آئی پی پیز سے معاہدے بہت اہمیت رکھتے ہیں، سولر پینلز کے حوالے سے 7، 7 سال کیلئے معاہدے ہیں، ہم بجلی کی قیمت کم کرنے کے اقدمات کررہے ہیں، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی طرف جارہے ہیں، پاکستان میں اس وقت کوئلے سے 4 بجلی گھر چل رہے ہیں جن میں سے ایک جامشورو پاور پلانٹ پاکستان کا اپنا ہے جو ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے لگایا گیا تھا، اسے ہم خود لوکل کوئلے پر منتقل کررہے ہیں، باقی 3 پلانٹس 12، 12 سو میگا واٹ کے ہیں، ان کی صرف انرجی کی قیمت 2400 روپے فی یونٹ پڑتی ہے، اگر انہیں ہم لوکل کوئلے پرمنتقل کر دیں گے تواس کی قیمت 7 سے 8 روپے آج کے وقت میں پڑے گی، ہم ہر سطح پر اقدامات کر رہے ہیں جس کے لیے 2 سے 3 ماہ لگ جائیں گے۔