تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس : جیل ٹرائل کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

لاہور: ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں جیل ٹرائل کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کیلئے طلب کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چودھری کی حاضری مکمل کی گئی، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی بھی جیل میں حاضری مکمل کی گئی، عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں درخواستوں پر فریقین سے دلائل طلب کر لئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے ٹرائل روکنے کیلئے دو نئی ضمنی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، ملزمان نے درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بغاوت کا مقدمہ چلانے کیلئے حکومت کی منظوری درکار ہوتی ہے، پنجاب حکومت کی بغاوت کی دفعات سے متعلق منظوری ریکارڈ کا حصہ نہیں ہے، حکومت کی منظوری کے بغیر بغاوت کا مقدمہ نہیں چل سکتا۔

ملزمان نے مقدمہ کے نئے اور پرانے تمام ملزمان کا ایک ساتھ ٹرائل کرنے کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ کچھ ملزمان کا ٹرائل ہو رہا ہے اور باقی ملزمان کا ضمنی چالان پیش نہیں ہوا، ایک ہی مقدمہ میں ملزمان کا الگ الگ ٹرائل نہیں کیا سکتا۔