پارلیمنٹیرینز کو مفت بجلی کی فراہمی کی خبروں پر ارکان اسمبلی سیخ پا، سپیکر سے رابطہ

اسلام آباد : ( نیوز ڈیسک ) پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پارلیمنٹیرینز کے مفت بجلی استعمال کرنے کی خبروں پر ارکان قومی اسمبلی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے شکوہ کیا ہے کہ ارکان اسمبلی پارلیمنٹ لاجز کا کرایہ ادا کرتے ہیں، بجلی اور گیس کا بل بھی دیتے ہیں، انتخابات میں حصہ لینے سے پہلے تمام ادائیگیوں کا این او سی جمع کرانا لازم ہے۔

ارکان اسمبلی نے سپیکر سے گفتگو کے دوران رہائش کا کرایہ، بجلی اور گیس کا بل ادا کرنے کے باوجود پارلیمنٹیرینز پر کیچڑ اچھالے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت توانائی کی اس مہم پر خاموشی مجرمانہ ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت توانائی کی جانب سے مفت بجلی فراہمی کی تردید نہ کرنے پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے وزارت توانائی کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی۔

ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزارت توانائی کو فوری فیک نیوز کی تردید کرنی چاہئے تھی۔

پالیمنٹیرینز کے تحفظات پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسمبلی ارکان کی عزت و توقیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ہاؤس کا کسٹوڈین ہوں، ارکان کی عزت میں اضافہ یقینی بناؤں گا۔