شکر گڑھ: ( نیوز ڈیسک ) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں، سیاست اور لانگ مارچ کے بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ ملکی چیلنجز ایک جماعت کے نہیں،پاکستان کو سی پیک فیز ٹو کی صورت میں نادر موقع ملا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر ہماری طرف ہاتھ بڑھایا ہے، چین پاکستان میں روزگار، توانائی اور خطے سے جوڑنے کے منصوبے پر کام کے لئے تیار ہے، عجب اتفاق ہے کہ سی پیک کے ساتھ ہی مخصوص کردار بدامنی پیدا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013ء کے بعد انہی کرداروں نے تشدد اور بدامنی کو پھیلایا، آج بھی کچھ کردار چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کے لیے سرگرم ہیں، سازش کے تحت گوادر اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کرائے جا رہے ہیں، مظاہروں کا مقصد سی پیک فیز ٹو کو روکنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی حکومت نہیں چاہتی کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر پڑے، معیشت اس صورت میں ملی کہ پورا ملک قرضوں میں جا چکا ہے، جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پتہ ہے اصلاحات اور اقدامات کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں، قومی معاشی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بجلی بحران کی وجہ کرنسی کی قیمت کم ہورہی ہے، چار ڈسکوز کے علاوہ تمام ڈسکوز میں بجلی چوری ہو رہی ہے، گوجرانوالہ، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور کے علاوہ تمام ڈسکوز بجلی چوری کر رہے ہیں، کے پی کے سمیت تمام صوبے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بجلی چوری کو روکیں۔