راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) مہنگائی اورمہنگے بجلی بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکاء بڑی تعداد میں موجود ہیں، دھرنے کی انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کے لیے ناشتے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
مہنگائی اور بجلی کےبلوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کی منظور ی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن 11 بجے دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، امیر جماعت اسلامی آکر آگے کا لائحہ عمل بتائیں گے۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث مریڑ حسن سے کمیٹی چوک تک مری روڈ مکمل بند ہے، میٹرو بس سروس آج دوسرے روز بھی بند ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
میٹرو بس انتظامیہ نے گزشتہ روز صدر سے فیض آباد تک سروس معطل کی تھی، میٹرو بس سروس معطل ہونے سے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی کی پیشکش قبول کر لی، جماعت اسلامی کی قیادت پر مشتمل کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔
حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری اور امیر مقام شامل ہیں۔