قبل ازوقت انتخابات اپوزیشن لیڈر کی خواہش ہوسکتی ہے،اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیرقانون نے قبل ازوقت انتخابات کے انعقاد کا امکان مسترد کردیا،انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، آئین میں اسمبلیوں کی مدت پانچ سال ہے، قبل ازوقت انتخابات کے حالات نہیں ہیں

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے قبل ازوقت انتخابات کے انعقاد کا امکان مسترد کردیا،وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قبل ازوقت انتخابات اپوزیشن لیڈر کی خواہش ہوسکتی ہے، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، آئین میں اسمبلیوں کی مدت پانچ سال ہے، قبل ازوقت انتخابات کے حالات نہیں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سب ٹھیک چل رہا ہے اللہ خیر کرے گا۔ اسمبلیاں 5 سالہ مدت پوری کریں گی۔ مسلم لیگ (ن) پر فوج اور تحریک انصاف کے درمیان نفرت پھیلانے کے الزام کا جواب ہم سے نہیں عمر ایوب سے لیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روزتحریک انصاف کے رہنماءعمر ایوب نے کہا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں، عوام نئے انتخابات کی تیاری کرے۔
راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عمران خان کے سامنے کنول شوزب نے سفارشات رکھی ہیں جس پر عمران خان نے اطمینان اور تسلی کا اظہار کیاتھا۔انہوں نے کہا تھاکہ ہم قوم کو عمران خان کا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ نئے انتخابات کی تیاری کریں۔ نئے انتخابات ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
عمران خان چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں۔ یہ ڈوب گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فوج کو پی ٹی آئی اور عوام کے سامنے دھکیل دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمان میں علامتی بھوک ہڑتال کرنے والے ارکان کو سراہا تھا۔ ہمارے کیمپ کا مقصد ہمارے تمام اسیران کی رہائی، مہنگائی کے خلاف اور پاکستان میں امن قائم کرناتھا۔ اس کا واحد حل صرف نئے انتخابات ہیں۔ عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں۔ پر امن احتجاج کریں۔ ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں۔ عمران خان نے ہمارے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی کو خوب سراہا تھا۔