راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اجیل سے ہی برطانیہ کی مشہور زمانہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑیں گے۔بین الاقوامی میڈیا کے لیے بانی پی ٹی آئی کے مشیر زلفی بخاری نے برطانوی جریدے دی ٹیلی گراف کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے الیکشن لڑیں گے کیونکہ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ وہ یہ الیکشن لڑیں۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان سے اجازت ملنے کے بعد ہم اس کا باضابطہ اعلان کریں گے اور دستخطی مہم شروع کریں گے۔دی ٹیلی گراف نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی نشست ہانگ کانگ کے سابق گورنر اور 21 سال تک اس عہدے پر فائز رہنے والے ٹوری پارٹی کے چیئرمین 80 سالہ لارڈ پیٹن کے استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے۔
جریدے کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا جب چانسلر کے انتخابات روایتی طریقہ کار کے برعکس آن لائن ہوں گے جس میں ادارے سے فارغ التحصیل افراد اپنے مکمل تعلیمی لباس میں الیکشن میں شرکت کرتے ہیں۔
عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے کیبل کالج سے اکنامکس میں ڈگری حاصل کی تھی۔دی ٹیلی گراف نے کہا کہ آکسفورڈ کے چانسلر بننے کا فیصلہ کرنے سے پہلے عمران 2005 سے 2014 تک بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں تاہم اخبار کے مطابق عمران خان کے اس الیکشن میں جیتنے کے امکانات انتہائی کم ہیں کیونکہ اس الیکشن کی دوڑ میں برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی شخصیات بھی شریک ہیں۔