مخصوص نشستیں ملنے کے بعد عدم اعتماد کی طرف جائیں گے، یہ کوشش کررہے ہیں کیسے فوج اور پی ٹی آئی میں فاصلے بڑھائیں، دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنماء کی گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دسمبر تک پی ٹی آئی کی حکومت بننے کا دعویٰ کردیا۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مخصوص نشستوں سے متعلق بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ ہمیں نہ ملیں، پوزیشن میں آجائیں گے تو عدم اعتماد کا سوچا جا سکتا ہے لیکن ابھی نمبرز پورے نہیں ہیں، دسمبر تک حالات ٹھیک ہونے کے بعد ہمیں اکثریت مل جائے گی اور تحریک انصاف حکومت میں ہوگی، حکومت لے کر پھر کوشش کریں گے کہ فریش مینڈیٹ لیں کیوں کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں نئے الیکشن کی ضرورت ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اس وقت نواز شریف اور شہبازشریف کے درمیان جب کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان بھی اختلافات ہیں، اسی طرح خواجہ آصف بھی عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں نفسیاتی مسائل آجاتے ہیں، خواجہ آصف نے جو باتیں کی ہیں اس میں صداقت نہیں، خواجہ آصف کی باتوں سے پتا چلتا ہے وہ کتنے مایوس ہیں، وہ کون سی سیٹ جیتے ہیں یہ سارے جعلی مینڈیٹ پر بیٹھے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہماری بھوک ہڑتال علامتی ہے، اصل بھوک ہڑتال تب ہوگی جب عمران خان ہڑتال شروع کریں گے، فی الحال ہم اپنا بیانیہ لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، ہمیں کوئی پرواہ نہیں کہ حکومت کیا چاہتی ہے، کوشش ہوگی کہ ہمارا احتجاج قانون کے دائرے کے اندر ہو، باقی جو حکومت کرنا چاہتی ہے بسم اللہ کرے، حکومت رکاوٹ ڈالتی ہے یاسازش کرتی ہے تو ذمہ داری پھر حکومت کی ہوگی۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ملک میں حالات انارکی کی طرف جارہے ہیں، مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، کل بل کی وجہ سے ایک بھائی نے دوسرے بھائی کو قتل کیا، حکومت تو کوئی ہے ہی نہیں، یہ کوشش کررہے ہیں کیسے فوج اور پی ٹی آئی میں فاصلے بڑھائیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے یہ ملک بھی میرا اور فوج بھی میری ہے، مریم نواز نے باقاعدہ عدلیہ کو دھمکیاں دی ہیں، یہ قابل قبول نہیں، یہ سمجھتے ہیں شاید عدلیہ بھی ان کے ماتحت ہے، ملک میں آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔