سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے۔ نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام بہت تنگ ہیں، بجلی کے بل زہر قاتل کی طرح لڑ گئے ہیں، حکومت خود عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے کچھ نہیں ہوگا، پہلے نشان چھینا گیا، پھر بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی، الیکشن سے پہلے بانی پی ٹی آئی کوسزائیں سنائی گئیں، پھر بھی عوام نے ووٹ دیا، یہ جو قدم بھی اٹھاتے ہیں ان کو ہی نقصان پہنچتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کے ہر فیصلے کا فائدہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہوتا ہے، سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پونے 3 مرلے کی لال حویلی میری ذاتی ملکیت ہے، 19 گھر اور بھی ہیں لیکن ہمیں بے دخل کیا جاتا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے 2 بار لال حویلی ڈی سیل کرائی ہے۔