ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی دفتر خارجہ آمد، اسحاق ڈار نے استقبال کیا

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو دفتر خارجہ پہنچ گئے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اور و زیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے ہم منصب کا استقبال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکمانستان کے وزیرخارجہ راشد میردوو اور نائب وزیر اعظم کے درمیان وسیع تر مذاکرات ہوں گے، دونوں رہنما دو طرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کرینگے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنما عالمی اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے، پاکستان ترکمانستان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی، فریقین توانائی، علاقائی روابط اور ثقافتی تعلقات پر بھی خصوصی توجہ دیں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ دوطرفہ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کیلئے بات چیت کریں گے، ترکمان وزیر خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔