عمرا ن خان نے 9 مئی کو جی ایچ کیو جانے کی کال دینے کا اعتراف نہیں کیا

وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میڈیا میں غلط خبر چل رہی ہے، یہ بیان غلط منسوب کیا جارہا ہے، جی ایچ کیو جاکر احتجاج کرنا کسی کی انفرادی سوچ تو ہوسکتی ہے لیکن اجتماعی فیصلہ بالکل نہیں تھا۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمرا ن خان نے 9 مئی کو جی ایچ کیو جانے کی کال دینے کا اعتراف نہیں کیا، وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میڈیا میں غلط خبر چل رہی ہے، یہ بیان غلط منسوب کیا جارہا ہے، جی ایچ کیو جاکر احتجاج کرنا اجتماعی فیصلہ بالکل نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ راؤف حسن کو گرفتار کیا گیا، غائب نہیں کیا گیا، اگر غلطی ہے تو پرچہ کاٹیں اور قانون کا سامنا کرنے دیں، لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ لوگون کو لاپتا کردیا جائے، اور ان کے قانونی حقوق کو چھین لیا جائے ،کیا ملک اس طرح آگے بڑھے گا؟ کوئی بھی ذمہ دا رہے تو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے، افسوس ہے کہ جب عوام اور درمیان کے خلیج بڑھتا ہے تو پھر بد گمانی پید اہوجاتی ہے۔
ملک کو آئین کے مطابق چلنا چاہیئے، کون یہاں سرمایہ کاری کرے گا؟ عمرا ن خان نے 9 مئی واقعات کی کال کا کوئی اعتراف نہیں کیا، وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میڈیا میں غلط خبر چل رہی ہے ۔ عمران خان وہ آدمی ہے جس نے اپنا کیرئیر داؤ پر لگایا ہے، وہ برطانیہ جاسکتا تھا، اس کے پاس کی چیز کی کمی نہیں تھی، اب جیل میں سخت وقت گزار رہا ہے، ابھی بھی کمپرومائز کرسکتا ہے لیکن ایک اصول کی بنیاد پر نہیں کررہا، جی ایچ کیو جاکر احتجاج کرنا اجتماعی فیصلہ بالکل نہیں ہوا تھا، کسی کی انفرادی سوچ تو ہوسکتی ہے،لیکن اجتماعی نہیں تھی۔
مزید برآں پی ٹی آئی کے رہنماء زین قریشی نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت پر پابندی لگانا اتنا آسان کام نہیں ہے، آپ نے دیکھا وزیراطلاعات نے دھواں دھار پریس کانفرنس کی اس کے بعد حکومت اپنے مئوقف میں تبدیلی لار ہی ہے، رانا ثناء اللہ نے بھی کہا کہ پہلے معاملہ کابینہ میں جائے گا۔ پی ٹی آئی کی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے،8فروری کے الیکشن میں 3کروڑ پاکستانیوں نے ووٹ دیا ہے، آج بھی مخصوص نشستوں کا فیصلہ کروا لیں پارلیمان میں بھی پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے ۔