عمران خان نے پارٹی کو بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی ہدایت کردی

وفاقی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، مخصوص ایلیٹ طبقہ 60 سال سے ملک پر قابض اور حکمرانی کر رہا ہے، ایلیٹ نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ملک کو داؤ پر لگا دیا۔ سابق وزیراعظم کی جیل میں صحافیوں سے گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے پارٹی کو پنجاب یا قومی اسمبلی کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی ہدایت کردی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں، یہ ایک ہی ہیں اور دونوں ہی فارم 47 کی پیداوار ہیں، مخصوص ایلیٹ طبقہ 60 سال سے ملک پر قابض اور حکمرانی کر رہا ہے، ایلیٹ نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے، یہی ایلیٹ طبقہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا، مریم نواز کہتی ہے کہ ججز ٹھیک نہیں، لیا ججز تب ٹھیک تھے جب ان کے کیسز ختم کیے گئے؟۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے،ہماری پارٹی پر پہلے سے ہی پابندی تھی اُسے الیکشن ہی نہیں لڑنے دیا گیا، پارٹی کا چیئرمین،وائس چیئرمین اور صدر پہلے سے ہی جیل میں تھے یہ پھر بھی کہتے ہیں کہ پارٹی پر پابندی لگائیں گے، سُپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود اگر الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملی تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں، میں ساری زندگی جیل میں بیٹھنے کوتیار ہوں لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کروں گا، ملک میں پہلے ہی مارشل لا کا نفاذ ہے، ایس آئی ایف سی کیا ہے، حکومت کسی اور کے کنٹرول میں ہے، یہ وفاقی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، بنوں واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اس سے حالات مزید خراب ہوں گے، سب کو پتہ ہے نہتے لوگوں پر فائرنگ کی گئی، میرا مطالبہ ہے کہ بنوں واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور جب ملے تو اُسے کہوں گا بنوں واقعے پر سخت موقف اختیار کرے۔