9 مئی کے فسادیوں کے ساتھ کھڑا ہونے والا سہولتکار تصور کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری

مریم نواز حکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے، مقابلہ کرنا ہے تو مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں۔ وزیراطلاعات پنجاب کا بیان

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز حکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے، اس وقت جو بھی 9 مئی کے فسادیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ سہولتکار تصور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا مشن خوشحال، روشن اور ترقی کرتا پنجاب ہے، مقابلہ کرنا ہے تو مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی اور فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا کوئی متبادل نہیں ہے، خیبر پختونخواہ کے عوام کو انہوں نے 11 سال سے سونامی، تبدیلی اور نئے پاکستان کا صرف جھانسہ ہی دیا ہے، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار کبھی تحریک انصاف کی ترجیح نہیں رہی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی برا وقت آیا مسلم لیگ نون نے فرنٹ لائن پر اپنا رول ادا کیا اور تمام تر مشکلات کے باوجود ملک کو مستحکم کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، 9 مئی کے فسادیوں اور دہشت گردوں کے لیے سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے، شہداء کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا فریضہ شہداء اور غازیوں کی عزت اور تکریم کرنا ہوتا ہے لیکن ان لوگوں نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کیلئے ہر سازش کی۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا کہنا ہے کہ ن لیگ عمران خان کے کیسز ختم ہونے سے خوف زدہ ہے، ہماری وزیراعلیٰ ٹک ٹاکر ہیں، ان کی باتوں کو مسترد کرتے ہیں، چچا بھتیجی کو کہنا چاہتا ہوں آپ کے دن گنے جا چکے ہیں، آپ نے عوام کا ووٹ چوری کیا اور فارم 47 سے آئے ہیں، آپ کو عمران خان کے کیسز ختم ہونے کا ڈر ہے، میں ان کو مسلط کرنے والوں سے بھی یہی کہوں گا کہ اس ملک پر رحم کرو، عطا اللہ تارڑ نے ہماری پارٹی پر پابندی لگائی، ہم ریفرنس دائر کریں گے یہ الیکشن کمشنر نہیں ہونا چاہئیے۔