وکیل زاہد آصف چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر ، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو فریق بنایا گیا ہے،عدالت سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کالعدم قرار دینے کی استدعا
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں خاور مانیکا نے دوران عدت نکاح کیس میںپی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت چیلنج کردی،بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے وکیل زاہد آصف چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔درخواست میں بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو فریق بنایا گیا ہے جس میں خاور مانیکا نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایپلٹ کورٹ نے کیس کے اہم پہلووں کو نظر انداز کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کالعدم قرار دی۔ ایپلٹ کورٹ نے استغاثہ کے گواہان کے بیانات کو بھی ملحوظ خاطر نہ رکھا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایپلٹ کورٹ کی جانب سے دونوں ملزمان کی بریت کا فیصلہ قانونی طور پر قائم نہیں رہ سکتا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایڈیشنل سیشنز جج کا سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرنے کا 13 جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور دوران عدت نکاح کیس میں ٹرائل کورٹ کا 3 فروری کا فیصلہ بحال اور عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا بحال کی جائے۔
13 جولائی کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رہ سکتا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم جاری کردیا تھا۔اسلام آباد کی ضلعی عدالت کے جج افضل مجوکا نےعدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔
سول کورٹ نے تین فروری کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7،7 سال قید اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔سیشن جج افضل مجوکا نے ان سزاوں کے خلاف اپیلوں پر آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہاتھا کہ اگر عمران خان اور بشریٰ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے رہائی کے روبکار جاری کردئیے تھے۔عدالت نے خاور مانیکا کی میڈیکل بورڈ اورعلماءکی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں بھی مسترد کردیں تھیں۔