اسلام آباد 🙁 نیوز ڈیسک ) سپریم کورٹ میں ایڈ ہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر جسٹس (ر) مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی۔ اپنے پیغام میں جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ میں مصروفیت اور ذاتی وجوہات کی بنا پر سپریم کورٹ کا حصہ نہیں بن رہا، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نیک نیتی سے یہ کام کر رہے ہیں، چیف جسٹس پاکستان کا یہ اقدام 100 فیصد آئینی اور قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ جب چیف جسٹس بنے تھے تو انہوں نے مجھ سے اس بارے میں بات کی تھی، چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقدمات کی وجہ سے سپریم کورٹ کا بہت وقت ضائع ہو گیا ہے۔
جسٹس (ر)مقبول باقر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ہزاروں مقدمات زیر التوا ہیں، اس التوا کو ختم کرنے کے لیےایڈہاک ججز کی تقرری کی جا رہی ہے، جسٹس طارق مسعود کھوسہ ،جسٹس مظہر عالم میاں خیل انتہائی قابل اور ایماندار ججز ہیں۔
واضح سے جسٹس طارق مسعود کھوسہ ،جسٹس مظہر عالم میاں خیل پہلے ہی ایڈ ہاک ججز بننے پر اپنی رضا مندی ظاہر کرچکے ہیں۔