چیف الیکشن کمشنر کو اپنے چاروں ممبران کے ساتھ استعفیٰ دینا چاہیے، ثابت ہوگیا الیکشن کمیشن ایک پارٹی بن گیا ہے ،رہنماءپی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ ملک کو سرزمین بے آئین بنا دیا گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو اپنے چاروں ممبران کے ساتھ استعفیٰ دینا چاہیے۔ ثابت ہوگیا الیکشن کمیشن ایک پارٹی بن گیا ہے۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ چیف الیکشن کمشنر اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
ہم امن چاہتے ہیں مگر ظلم کیخلاف، اگر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی، ہم جنگ کیلئے تیار ہیں لیکن چاہتے ہیں انارکی پیدا نہ ہو، یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔پی ٹی آئی پر پابندی دیوانے کا خواب ہے۔
دیوانے صرف گلیوں میں ناچ سکتے ہیں کچھ کر نہیں سکتے۔پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کی مخالفت حکومتی اتحادیوں نے بھی کر دی ہے ۔
تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کے اس فیصلے کی پرزورمذمت کی ہے ۔حکومت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سب کچھ حقیقی آزادی کیلئے برداشت کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ عوام اب جاگ چکے ہیں انہوں نے سب دیکھ لیا ہے۔ حکمران اب بھی ہوش کے ناخن لیں۔
آئین و قانون پر عملداری کریں۔ہم پاکستان کو بچانا چاہتے ہیں مگر حکومت صرف اور صرف محاذ آرائی چاہتی ہے ۔ایک دو دن میں اتحادیوں کی میٹنگ کر رہے ہیں۔ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ملک کو آئین کے مطابق چلاو¿۔ہم ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کیلئے اپنی جدوجہد کررہے ہیں ۔ ہما راذاتی کوئی مفاد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔ یہ ٹیکسز کسی کے بس کی بات نہیں کہ ادا کر سکے۔ ہم عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار کرکے انہوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔