صنم جاوید کو مزید کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا جائے گا، صنم جاوید بلوچستان پولیس کو مزید مطلوب نہیں وہ آزاد ہیں اور اپنے صوبے واپس جا سکتی ہیں۔ منصور اعوان کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں صنم جاوید کیس کی سماعت ہوئی جہاں جسٹس میاں گل حسن اورگزیب یہ کیس سن رہے ہیں آج کی سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل منصور اعوان عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے بیان دیا کہ میں عدالت کو یقین دہانی کروا رہا ہوں کہ ’صنم جاوید کو مزید کسی مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا جائے گا، صنم جاوید بلوچستان پولیس کو مزید مطلوب نہیں وہ آزاد ہیں اور اپنے صوبے میں واپس جا سکتی ہیں‘۔
اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے وکیل کو مخاطب کرتے ہیوئے ریمارکس دیئے کہ ’میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا صنم جاوید کی استعمال کی گئی زبان نامناسب سے بھی کئی آگے کی ہے، کیا آپ گارنٹی دیتے ہیں کہ صنم جاوید مزید نامناسب گفتگو نہیں کرے گی؟‘، اس پر وکیل میاں علی اشفاق نے جواب دیا کہ ’جی، صنم جاوید آئندہ نامناسب الفاظ استعمال نہیں کریں گی‘، اس کے ستاھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کے بیان کے ساتھ ہی صنم جاوید کی رہائی کی درخواست نمٹا دی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید خان کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا جب کہ عدالت نے صنم جاوید کے وکلاء کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی تھی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھیں تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے عدالت کی جانب سے صنم جاوید کی رہائی کے فوری بعد پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو پھر سے گرفتار کرلیا تھا۔