اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر سے فوری طور مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور:( نیوز ڈیسک ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری طور مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اگر اب مستعفی نہیں ہوتے تو ہم سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے، ملک میں آرٹیکل 6 اس سے پہلے بھی لگ چکے ہیں یہ سیاسی بنیادوں پر تمام کاروائیاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے پاپولر جماعت ہے، پیپلز پارٹی اس فیصلے میں حکومت کے ساتھ نہیں ہے، حکومت ایک دن پابندی اور آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلے کرتی ہے، یہ ظلم کی رات جلد ختم ہونے والی ہے، بانی پی ٹی آئی کو زیادہ دیر اندر نہیں رکھا جاسکتا۔

احمد خان بھچرکا مزید کہنا تھا کہ ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی ٹی آئی کے بجائے عوام پر توجہ دینی چاہیے، وزیر اعلیٰ پنجاب صرف ہمارے خلاف کارروائیاں کروا رہی ہے، ہم اس مہنگائی کے خلاف جلد سٹرکوں پر آرہے ہیں ہماری حکمت عملی تیار ہے۔