جیسے عدت کیس ختم ہوا اسی طرح بقیہ کیسز بھی ختم ہوں گے، بیرسٹر گوہر

اس کیس میں عمران خان کو مجبور کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا عدت کیس کے فیصلے پر ردعمل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کے خلاف آخری کیس تھا، دونوں کی رہائی ہونی چاہئیے، عدت کیس میں عمران خان کو مجبور کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے۔ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بشریٰ بی بی کے خلاف آخری کیس تھا، عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت ہے اور دوسرا یہ کیس تھا جس میں رہائی ہوئی، آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی ہونی چاہئیے، ہم آج روبکار لے کر جائیں گے، آج عمران خان کی رہائی ہوگی، انشاء اللہ آج انہیں گھر لے کر جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آج حق اور انصاف کی فتح ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قانون کی بالادستی ہو، بانی پی ٹی آئی آج بھی مضبوطی سے کھڑے ہیں، قوم کو آزاد عدلیہ مبارک ہو، یہ وہ کیس تھا جس کی بنیاد ہی نہیں تھی لیکن آج حق و انصاف کی فتح ہوئی ہے، عدلیہ کو سلام پیش کرتے ہیں اس فیصلے سے عدلیہ کی آزادی اور مضبوطی ہوگی، اس کیس میں عمران خان کو مجبور کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے، جیسے آج کا کیس ختم ہوا اسی طرح بقیہ کیسز بھی ختم ہوں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کنول شوذب نے کہا کہ کیس میں خواتین کے حقوق کی دھجیاں اڑائی گئیں، کیس میں جھوٹی گواہیاں پیش کی گئیں، جھوٹی گواہی دینے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہئے، خواتین کی عزت اس کیس کے ذریعہ اچھالی گئی بشری بی بی کو ٹارگٹ کیا گیا، ہماری روایات، شریعت کی دھجیاں اڑائی گئیں لیکن اس عدالت نے ہم خواتین کا مان رکھ لیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، عدالت کو چاہیے کہ شریف اور پردہ دار خواتین پر جھوٹے الزمات لگانے اور جھوٹی شہادتیں دینے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں کالعدم قرار دے کر سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو بری کردیا، عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی سزائیں کالعدم قرار دیں اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کو فوری رہا کیا جائے، عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے روبکاری جاری کردی ہیں، میڈیکل بورڈ اور علماء کی رائے سے متعلق خاور مانیکا کی دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔