سپریم کورٹ کے فیصلے نے آئین کی پاسداری کی توثیق کر دی، عشر ت العباد

تحریک انصاف کی قیادت اس فتح کوسیاسی مکالمے کے آغاز سے منائے،پی ٹی آئی قیادت استحکام کا مضبوط ستون بنے۔جمہوری اصولوں کے حقیقی نفاذ کیلئے تمام سیاسی جماعتیں بامقصد بات چیت کریں،سابق گورنر سندھ کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے آئین کی پاسداری کی توثیق کر دی، تحریک انصاف کی قیادت اس فتح کوسیاسی مکالمے کے آغاز سے منائے، سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت استحکام کا مضبوط ستون بنے۔
جمہوری اصولوں کے حقیقی نفاذ کیلئے تمام سیاسی جماعتیں بامقصد بات چیت کریں۔ سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف کیلئے کام کریں اور قومی مفاد میں نظم و ضبط بحال کریں۔مضبوط جمہوریت کی بنیاد آزاد عدلیہ،جمہوری پارلیمنٹ،قابل انتظامیہ پرقائم ہوتی ہے۔ملک میں سیاسی کشیدگی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں بامقصد مذاکرات شروع کریں ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے۔

کچھ جماعتیں وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہونا چاہیے اب جوڈیشل کمیشن بنا کر فارم 45 کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی حقداروں کو واپس ملنی چاہئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلے سے ان جماعتوں کی دورنگی بھی عیاں ہوگئی جو جمہور کی رائے کے برخلاف ناجائز طریقے سے ان سیٹیوں پر قبضہ کرکے بیٹھی تھیں اور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہی تھیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہونا چاہیے بلکہ اب جوڈیشل کمیشن بنا کر فارم 45 کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی حقداروں کو واپس ملنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور باقی ممبران کا اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اس لئے وہ فوری طور پر مستعفی ہوں ۔