آئی ایم ایف سے قرض لے کر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘میدان میں آگیا ہوں کارکن تیار رہیں.صدر آصف زرداری کا پارٹی راہنماﺅں کے اجلاس میں اظہار خیال
لاہور( نیوز ڈیسک ) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اتحادی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حکومت نہیں چل رہی ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں. نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی راہنماﺅں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پارٹی راہنماﺅں نے آصف زرداری سے کارکنوں کے کام نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت تعاون نہیں کررہی ہمارا پورا حق نہیں دیاجارہا، انتخابی حلقوں کے مسائل حل نہیں ہورہے، ہم بھی ووٹ حاصل کرتے ہیں، ووٹرزکو مطمئن کرنا پڑتا ہے.
آصف علی زرداری نے پارٹی راہنماﺅں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت کو مل بیٹھ کرمسائل حل کرنے کی ہدایت کی صدر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے حکومت نہیں چل رہی ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں عالمی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف) سے قرض لے کر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے.
انہوں نے کہا کہ اب خود میدان میں آگیا ہوں اسلام آباد ہو یا لاہور سب سے کام کرواﺅں گاکوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے کی نہیں ہے میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے یہ میں ثواب سمجھتا ہوں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکن تیار ہو جائیں ابھی بہت کام کرنا ہے، پیپلزپارٹی کی تنظیم میں نوجوانوں کو آگے لایا جائے انہوں نے پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی اب باہر نکلنے کا وقت ہے.